ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے سول سروس کے 49ویں کامن کے افسران نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں سپورٹس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کرنیوالوں میں نائلہ نذر(انفارمیشن گروپ)،فاطمہ طارق(آفس مینجمنٹ گروپ)،ہاشم مسعود(پی اے ایس)، سعد بن عبید(پی ایس پی)، سحر سرور(انفارمیشن گروپ)، صدف زمان(آئی آر ایس)،عثمان عارف(پی اے ایس)،انعم وجیہ اعوان(پاس)،وقار حیدر(پی سی ایس)، راحیل(آئی آر ایس)، ملک عباس وٹو(پی اے ایس)،عارفہ (انفارمیشن گروپ)، ندا سرور(پی اے ایس)، عائشہ صدیق (پی سی ایس) اور ردازہرا (ایف ایس ڈی) شامل تھے
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمن بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں، جتنا کام سپورٹس میں اب ہورہا ہے ماضی میں اتنا نہیں ہوا، سپورٹس کا نیا ٹیلنٹ سامنے لارہے ہیں جس کی وجہ سے پنجاب نے پشاور میں ہونیوالے بین الصوبائی اتھلٹیکس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس ہر انسان کے لئے بہت ضروری ہے، پنجاب میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کرنے کے لئے سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو وسیع کررہے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ افسران سپورٹس بورڈ پنجاب کی سپورٹس سہولیات سے استفادہ کرسکتے ہیں، نئے افسران سپورٹس کی افادیت کے بارے سے عوام کو آگاہی دیں اور مینجمنٹ کو سمجھیں کہ کس طرح اچھی مینجمنٹ سے معاملات کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔
49ویں کامن کے افسران نے سپورٹس کے حوالے سے اقدامات پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب پنجاب سپورٹس میں ٹاپ پر ہے، سپورٹس کی جدید سہولیات سے نوجوان استفادہ کررہے ہیں، افسران نے سپورٹس جمنازیم کا بھی دورہ کیا۔