سری لنکا میں شاہینز ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی،سعود شکیل

پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ دورۂ سری لنکا کے لیے اچھا اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے، سری لنکا میں شاہینز ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔

ایک بیان میں سعود شکیل کا کہنا تھا کہ پاکستان شاہینز کا دورۂ سری لنکا تمام پلیئرز کے لیے بڑا موقع ہے، پلیئرز کے پاس موقع ہے کہ پرفارم کر کے قومی ٹیم میں جگہ بنائیں۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل دورۂ سری لنکا کے لیے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، 19 رکنی دستے کی قیادت سعود شکیل کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں حیدر علی، عبداللّٰہ شفیق، ابرار احمد، عباس آفریدی، احمد صفی عبداللّٰہ، عاکف جاوید، ارشد اقبال، عرفان اللّٰہ شاہ، کامران غلام اور خرم شہزاد اسکواڈ میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 19 رکنی اسکواڈ میں محمد حارث، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، سلمان علی آغا، سلمان خان، عثمان صلاح الدین اور زاہد محمود بھی شامل ہیں۔

پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اور منیجر اعجاز احمد ہیں جبکہ راؤ افتخار اسسٹنٹ کوچ اور محتشم رشید فیلڈنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں۔

پاکستانی شاہینز کی ٹیم 21 اکتوبر کو سری لنکا روانہ ہوگی، جہاں وہ 2 چار روزہ اور 3 ون ڈے میچز کھلے گی۔

error: Content is protected !!