کیا نوواک یو ایس اوپن میں شرکت کرسکیں گے؟

کیا سربیا کے سٹار ٹینس پلیئر نوواک جوکووچ یو ایس اوپن جیت کر مردوں کے سب سے زیادہ گرینڈ سلام جیتنے کا ریکارڈ برابرکر نے کیلئے اس مرتبہ یو ایس اوپن کھیل پائیں گے؟نوواک جوکو وچ ومبلڈن جیتنے کے بعد 21 بڑے ٹینس مقابلوں کے ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں لیکن کووڈ ویکسینیشن نہ کروانے کے اپنے فیصلے کے بعد وہ رواں برس کچھ اہم ٹائٹل اپنے نام کرنے سے محروم رہ گئے۔9 مرتبہ آسٹریلین چیمپیئن رہنے والے نوواک جوکووچ اس مرتبہ میلبرن میں اپنے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائے تھے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ 29 اگست سے شروع ہونے والے یو ایس اوپن گرینڈ سلیم کا حصہ ہوں گے۔نوواک جوکو وچ کا نام یو ایس اوپن کی انٹری لسٹ پر موجود ہے اور وہ پرامید بھی ہیں لیکن اکتوبر 2021 سے امریکا میں نان ویکسینیٹڈ افراد کی داخلہ پر پابندی لاگو کی گئی تھی اور نوواک جوکو وچ تاحال کووڈ ویکسینیٹڈ نہیں ہیں۔مارچ اور اپریل کے مہینوں میں کووڈ ویکسینیٹڈ نہ ہونے کے باعث جوکووچ کو بھارت اور میامی میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت سے روک دیا گیا تھا، ساتھ ہی ویکیسنیشن نہ کروانے والے افراد کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی کے باعث وہ مونٹریال کے ایونٹ میں بھی شرکت نہیں کر پائے تھے۔

 

 

فروری میں انہوں نے برطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی ذات پر اپنے فیصلوں کا اصول ان کیلئے کسی ٹائٹل یا کسی اور چیز سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں ویکسینیشن کے حوالے سے کھلی ذہنیت کے حامل ہیں۔امریکا کی قومی ہیلتھ ایجنسی سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پروینشن کی جانب سے امریکا میں کسی غیر امریکی شخص کیلئے بیرون ملک سے امریکا میں داخلہ سے قبل مکمل کووڈ ویکسینیشن ثابت کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا۔ تاہم 11 اگست سے نان ویکسینیٹڈ شہریوں کیلئے سی ڈی سی کی جانب سے پابندیوں میں کچھ نرمی کی گئی ہے، جس سے تاثر لیا جا رہا ہے کہ جوکووچ کو بھی یو ایس اوپن میں شرکت کیلئے امریکا میں داخلے کی اجازت مل سکتی ہے تاہم اس پر اب بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ خیال رہے کہ 22 سنگلز گرینڈ سلیمز کے ساتھ رافیل نڈال پہلے نمبر پر ہیں جبکہ جوکوچ 21 ٹائٹل کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔اب یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ ان نرمیوں کے بعد کیا امریکی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو واقعی ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے گی یا انہیں روکا جائے گا؟اس کا فیصلہ تو وقت کرے گا۔

error: Content is protected !!