سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کرنے سے دنیا بھر میں ہمارا مذاق اڑے گا، بھارت کے خلاف پہلے میچ کو لے کر جذباتی نہ ہوں تو یہ ٹیم ضرور کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اب اگر ٹیم کا اعلان کر دیا ہے تو اسے بیک کریں، میرا نہیں خیال کہ اسکواڈ میں تبدیلی ہوگی اور کرنی بھی نہیں چاہیے۔
عاقب جاوید نے کہا ہے کہ اگر ایسا کیا تو دنیا میں ہمارا مذاق اڑے گا، سات دن کی فارم پر کسی کی سلیکشن کے فیصلے مت کریں، یہ پہلے سوچتے کہ کون تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہا ہے، اب اگر آپ نے کھلاڑی منتخب کر لیے ہیں تو پھر انہیں بیک کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو تین سال سے ہمارے ہاں سلیکشن کے عمل میں تسلسل نہیں رہا ہے، تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ہی ٹیم یہاں پہنچی ہے، ٹیم اتنی بری نہیں تھی جتنا بنا دیا گیا ہے، دو تین مرتبہ کھلاڑیوں کو ڈراپ کر کے واپس لایا گیا ہے جس کی وجہ سے ان میں اعتماد نہیں ہے۔
سابق فاسٹ بولر کا یہ کہنا تھا پاکستان کا پہلا میچ بھارت کے خلاف ہے، اس میچ کو لے کر اگر جذباتی نہ ہوئے تو یہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ضرور کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا کہ بورڈ کو چاہیے کہ کھلاڑیوں کو اعتماد دے، بورڈ واضح الفاظ میں پیغام دے کہ اس ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہے، اسے ہی بیک کرنا ہے، کھلاڑیوں اور لوگوں تک بورڈ کا یہ پیغام پہنچنا چاہیے، پیغام دینے سے مائنڈ بنے گا کہ یہی ہماری ٹیم ہے اور اسے ہم نے بیک کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 31 اکتوبر کو افغانستان کے مدمقابل ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔