انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، واٹمور کو دورہ پاکستان کی منسوخی پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔
واٹمور کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات ان پر کافی اثر انداز ہوئے جس کی وجہ سے انہوں نے پانچ سال کیلئے ملنے والا عہدہ 10 ماہ میں ہی چھوڑ دیا۔
رواں ماہ شیڈول انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔ کسی نے انہیں گھمنڈی قرار دیا تو کسی نے بزدل، کئی سابق برطانوی کرکٹرز کا کہنا تھا کہ دورے کی منسوخی کا اعلان کرنے کے بعد سے واٹمور منظر عام سے غائب ہیں۔
بالآخر واٹمور منظر عام پر آئے اور خود کو انگلش کرکٹ کے منظر سے ہمیشہ کیلئے علیحدہ کردیا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ واٹمور اپنے عہدے سے فوری طور پر علیحدہ ہورہے ہیں۔
خود واٹمور نے اپنے بیان میں کہا کہ ’موجودہ حالات میں خاص طور پر کووڈ 19 کی وجہ سے مجھ سے وابستہ توقعات کافی مختلف ہوچکی تھیں جس کا مجھ پر کافی اثر ہوا ہے اس لیے میں اب یہ بہتر سمجھتا ہوں کہ انگلش کرکٹ بورڈ ایک نیا چیئرمین منتخب کرلے۔‘
ای سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ این واٹمور ، بورڈ کے ساتھ باہمی مفاہمت کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔