سدرن پنجاب نےہوم سٹی سینٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

نیشنل ٹی ٹونٹی کے اکیسویں میچ میں اے ٹی ایف سدرن پنجاب نےہوم سٹی سینٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی گئی پنجاب ڈربی میں سدرن پنجاب نے 155 رنز کا ہدف چھ گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سدرن پنجاب کی یہ ایونٹ میں دوسری کامیابی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز ناردرن کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کے اوپنر طیب طاہر اور مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ کی نصف سنچریوں نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 92 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ قائم کرکے میچ کو یکطرفہ بنادیا۔

طیب طاہر نے 52 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 68 رنز کی پراعتماد اننگز کھیلی۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

انہوں نے محض 18 کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹوں گنوانے کے بعد پہلے محمد عمران اور پھر خوشدل شاہ کے ہمراہ بالترتیب 42 اور 92 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد عمران 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

خوشدل شاہ نے 36 گیندوں پر 8 چوکوں کی بدولت 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر رہی سہی کسر نکال دی۔

سینٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے 2 جبکہ ظفر گوہر اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان عامر یامین نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو حریف پیسرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے سینٹرل پنجاب کے ان فارم بیٹرز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرسکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ سینٹرل پنجاب کے صرف چار بیٹرز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔

حسین طلعت 47 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اس دوران شعیب ملک نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنے گیارہ ہزار رنز مکمل کیے۔ وہ 26 جبکہ حسن علی اور سیف بدر 11، 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سینٹرل پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز ہی بناسکی۔ ضیاء الحق نے 40 رنز کے عوض 4 جبکہ عامر یامین اور عمران رندھاوا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ کے اکیسویں میچ کے بعد ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے، خیبرپختونخوا، ناردرن اور جی ایف ایس سندھ کی ٹیمیں آٹھ، آٹھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ اے ٹی ایف ایس سدرن پنجاب اور بلوچستان کا پوائنٹس ٹیبل پر پانچواں اور چھٹا نمبر ہے۔ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد چار چار ہے۔

error: Content is protected !!