فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلش کاؤنٹی ٹیم مڈل سکس سے معاہدہ سائن کرلیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اگلے سال کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دوران ایکشن میں ہوں گے۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی ہوم ٹیم مڈل سکس کے اعلامیے کے مطابق 21سالہ شاہین شاہ آفریدی اگلے سال سیزن کے آغاز میں ہی ٹیم کو جوائن کرلیں گے اور جولائی کے وسط تک ٹیم کو دستیاب رہیں گے ۔
اس دوران شاہین شاہ آفریدی فرسٹ کلاس کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچز کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے میچز بھی کھیلیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں فرسٹ کلاس میچز کھیلیں گے جبکہ اس سے قبل وہ ہمپشائر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے میچز کھیل چکے ہیں۔
19 ٹیسٹ اور30 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ مڈل سکس کا حصہ بننے پر کافی خوش ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ لارڈز پر کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ہی ان کا خواب رہا ہے، وہ سیزن کیلئے پرجوش ہیں اور کوشش کریں گے کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیاب بنانے میں اہم کردارا دا کریں۔