13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں پاکستان ایئرفورس اور پاکستان نیوی کی ٹیموں نے اپنے، اپنے حریفوں کوشکست دے کر کامیابی حاصل کر لی ہے،گذشتہ روز میونسپل سٹیڈیم راولپنڈی میں جاری لیگ کے پہلے میچ میں پاکستان ایئرفورس نے کراچی یونائیٹڈ کلب کو 3-0 گول سے ہرا دیا، وقفے تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، دوسرے ہاف میں پاکستان ایئرفورس نے تین گول کر کے مقابلہ 3-0 گول سے جیت لیا،فاتح ٹیم کی جانب سے ولید،مجاہد اور منصور نے ایک، ایک گول کیا جبکہ کراچی یونائیٹڈ کلب کے کھلاڑیوں نے مارجن کم کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے
دوسرے میچ میں پاکستان نیوی نے ہماکلب کو 4-3 گول سے ہرا دیا، وقفے تک ہما کلب کو پاکستان نیوی کے خلاف 3-2 گول کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں پاکستان نیوی کی ٹیم مزید دو گول کرکے مقابلہ 4-3 گول سے جیت لیا، پاکستان نیوی کی جانب سے نعمان نے دو گول جبکہ محمد عدیل اور رضوان نے ایک، ایک گول کیا، ہماکلب کی جانب سے ابراہیم نے دوگول اور وحیدالرحمن نے ایک گول کیا،اس موقع پر آسٹریلین فٹ بال لیگ آف پاکستان کے صدر سردار طارق محمود مہمان خصوصی تھے
ڈسٹر کٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین راجہ اشتیاق احمد، پی ایس او ٹو صدر پی ایف ایف سید شرافت حسین بخاری،گراونڈ کمیٹی کے چیئرمین خرم فاروقی اور ایونٹ کوآرڈینیٹر تیمور کیانی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،کل، جمعرات کو مزید دو لیگ کے میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کے آرایل کا مقابلہ سوئی سدرن گیس کمپنی سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا،