13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرفورس نے اپنے، اپنے میچز میں کامیابی حاصل کر لی ہے، گذشتہ روز میونسپل سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلی گئے پہلے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نےمسلم کلب چمن کو ایک سخت مقابلے کےبعد 2-1 سے ہرا دیا، وقفے تک مسلم کلب کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 0-1 گول سے برتری حاصل تھی او ر دوسرے ہاف میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دو گول کرکے مقابلہ 1-2گول سے جیت لیا، پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں مسلم کلب کے حنیف نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ، 74 ویں منٹ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سعید نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابرکردیا جس کے چار منٹ بعد نعیم نے گول کرکے مقابلہ 1-2 کردیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔دوسرے میچ میں پاکستان ایئرفورس نے پاکستان نیوی کو 0-3 گول سے شکست دی
وقفے تک پاکستان ایئرفورس کو پاکستان نیوی کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی ، دوسرےہا ف میں پاکستان ایئرفورس نے مزیددو گول کرکے مقابلہ 0-3 گول سے جیت لیا، پاکستان ایئرفورس کی جانب سے صمد نے دو گول اور محمد مجاہد نے ایک گول کیا، پاکستان نیوی کے کھلاڑیوں نے میچ میں مارجن کم کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے،اس موقع پر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر و چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی راجہ اشتیاق احمد،وائس چیئرمین چچا سعید اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری ناصر کیانی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، (آج) جمعہ کو مزید دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کراچی کونائیٹڈ کا مقابلہ پاکستان آرمی سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں کے آر ایل اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔