پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زائد العمر کھلاڑیوں کے انکشاف پر انڈر 13 اور انڈر 16 ٹورنامنٹس معطل کردیے۔
پی سی بی کے انڈر 13 اور انڈر 16 کے ٹورنامنٹس کراچی اور ملتان میں جاری تھے۔
پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹورنامنٹس کی ساکھ کے لیے مستحق کھلاڑیوں کو ہی کھیلنے کی اجازت ہوگی۔
پی سی بی نے زائد العمر کھلاڑیوں کی موجودگی کے انکشاف پر دونوں ہی ٹورنامنٹس کے شریک کھلاڑیوں کی بون ایج ٹیسٹنگ کا تیسرا راؤنڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ کے بعد نئی ٹیمیں بناکر انڈر 13 اور انڈر 16 ٹورنامنٹس اگلے ہفتے سے دوبارہ شروع ہوگا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق انڈر 16 ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ بدھ تک جاری رہے گی جبکہ انڈر 13 کی ٹیسٹنگ کا عمل منگل کو مکمل کرلیا جائےگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زائد العمر قرار دیے گئے کرکٹرز کے پاس اپیل کا حق ہوگا۔
ندیم خان نے کہا ہے کہ ویڈیو شواہد سے زائد العمر کھلاڑیوں کی تصدیق ہوئی ہے، مستحق کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی نہیں ہونے دیں گے۔