پی ایس ایل 7،ہمارے ہیروز کی نامزدگیاں کرکٹ فینز دیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لیے ہمارے ہیروز کی نامزدگیاں کرکٹ فینز دیں گے۔

شائقینِ کرکٹ اپنی پسندیدہ شخصیت کے کوائف سے متعلق آن لائن فارم 23 جنوری تک جمع کرواسکتے ہیں، یہ آن لائن فارم پی ایس ایل کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

گزشتہ ایڈیشن کی طرح ساتویں ایڈیشن میں بھی مجموعی طور پر 34 شخصیات کو ہمارے ہیروز کے ایوارڈز دیے جائیں گے، کرکٹ شائقین کی طرف سے جمع کروائے گئے ان امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری پی سی بی کا گورننگ بورڈ دے گا جنہیں پوسٹ میچ تقاریب میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

اس مہم کے تحت شائقینِ کرکٹ کو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اپنی پسندیدہ شخصیات کو چننے کا موقع ملے گا جن میں کھیل، تعلیم، صحت ، آرٹ، ثقافت، سماجی کام اور ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی قومی شخصیات شامل ہوں گی۔ 

شائقین کرکٹ چاہیں تو ایک سے زائد کیٹیگریز میں بھی ہمارے ہیروز کو نامزد کر سکتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس مہم کو پہلی مرتبہ پی ایس ایل 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا جہاں اسے زبردست پذیرائی ملی تھی۔

اس مہم کے تحت جن ہیروز کو سراہا گیا  ان میں کبڈی کھلاڑی عمران بٹ، اے سی ایف اینیمل ریسکیو کی بانی عائشہ چندریگر، کوہ پیما نذیر سلطان، پروفیشنل ای اسپورٹس پلیئر ارسلان ایش اور فلم میکر فہیم آزوی کے نام قابل ذکر ہیں۔

واضح رہے کہ 27 جنوری سے شروع ہونے والی لیگ کا پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor