پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے 30 لیگ میچز کے لیے امپائر اور میچ ریفری پینل کا اعلان کردیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کافائنل 27 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا کی طرف سے 21 ٹیسٹ اور 63 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے سابق کرکٹر رنجن مدوگالے 125 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔1993 سے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفری کا حصہ رہنے والے رنجن مدوگالے اب تک 201 ٹیسٹ اور 370 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی میچ ریفری کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔
انہوں نے دو سال قبل بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں بھی میچ ریفری کی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔وہ 30 مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ کراچی کنگز میں پہلی مرتبہ پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف اس میچ میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ان کے علاوہ فیصل آفریدی تھرڈ امپائر اور عمران جاوید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔
رنجن مدوگالے کے علاوہ روشن ماہنامہ اس مرتبہ بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ریفری کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔وہ 27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ کے علاوہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں کُل 7 میچز میں ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ احسن رضا تھرڈ امپائر اور عمران جاوید فورتھ امپائر ہوں گے۔
ان دونوں کے علاوہ پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفریز علی نقوی، افتخار احمد اور محمد جاوید ملک بھی لیگ میں ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ جبکہ علیم ڈار، مائیکل گف، رچرڈ ایلنگ ورتھ، احسن رضا، آصف یعقوب، فیصل آفریدی، امتیاز اقبال، عمران جاوید، ناصر حسین، راشد ریاض، شوزب رضا اور ولید یعقوب ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
فائنل سمیت پلے آف میچز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔