آل پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ سنسنی خیز مقابلے اور رنگا رنگ آتش بازی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ العثمان کلب لاہور چیمپئن بن گیا۔ مشیر کھیل سندھ ارباب لطف اللہ نے انعامات تقسیم کیے، تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے حسین آباد پٹھان گوٹھ میں 3 روزہ آل پاکستان ڈاکٹر ابراہیم پٹھان ،اللہ وسایو بھٹی اور جاوید اقبال جونیجو شوٹنگ بال ٹورنامنٹ شاندار مقابلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 70 سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میں العثمان کلب لاہور نے 0-2 کے زبردست مقابلے سے تھیبا کلب ٹنڈوالہیار کو شکست دے دی۔
ایم کے دل کلب بدین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لاھور کے مٹھور اور خالد نے بھترین کھیل پیش کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فتح پر کھلاڑیوں نے رقص کر کے جشن کیا۔ اس موقعہ پر زبردست آتش بازی کی گئی۔ تھیبا کلب ٹنڈوالہیار کے عباس جویہ کو ٹورنامنٹ اور لاھور کے خالد کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقعہ پر وزیر کھیل سندھ ارباب لطف اللہ ، ایم پی اے سردار خان محمد ڈاھری، صبور پٹھان، غلام حسین پٹھان، فخر عباس، ناصر رمضان گجر، ھدایت لاشاری، اسماعیل کھوسو، شکور تھیبو اور دیگر نے انعامات تقسیم کئے۔
ارباب لطف اللہ نے حیدرآباد میں آل پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ میں عوام کے جذبات کو دیکھتے ہوئے سروری کلب سے مکمل مالی تعاون کا اعلان کیا، انھوں نے سندھ میں شوٹنگ بال کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کھیل کو سپورٹ کرنے کے لیے سندھ بھر میں اس کھیل کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ انہوں نے سندھ گیمز رواں سال 2022 میں کروانے کا بھی کا اعلان کیا۔ ایونٹ میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں تماشائی شریک ہوئے۔