پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیڈ نے اوپنرز کے عمدہ کھیل کی بدولت پشاور زلمی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا تھا۔زلمی کا پہلا نقصان میچ کے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر اٹھانا پڑا ٹام کوہلر کیڈمور بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ان کے بعد پشاور زلمی کے بلے باز یاسر خان بھی آئوٹ ہوگئے، انہوں نے 9 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے اور فہیم اشرف کی بالنگ پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔اس کے بعد حیدر علی بھی شاداب خان کی گیند پر 13 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو چوتھا نقصان گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے حسین طلعت کی صورت میں اٹھانا پڑا جو فہیم اشرف کی گیند پر 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔35 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار شعیب ملک کا ساتھ دینے شرفین ردرفورڈ آئے اور دونوں نے سکور آگے بڑھانا شروع کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 73رنز کی شراکت قائم کی۔پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ 108 رنز پر گری، جب شعیب ملک ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کی وکٹ بن گئے۔دوسرے اینڈ پر موجود ردرفورڈ نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری سکور کی۔انہوں نے 26 رنز بنانے والے بین کٹنگ کے ہمراہ 51 رنز کی شراکت بھی قائم کی لیکن اننگز کے 19ویں اوور میں حسن علی نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے، ردرفورڈ نے 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 70رنز کی اننگز کھیلی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو جارحانہ انداز میں آغاز فراہم کرتے ہوئے صرف تین اوورز میں نصف سنچری مکمل کرا دی۔پال سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے جارحانہ انداز اپنایا اور عثمان قادر کو چوکا لگا کر صرف 18 گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔
اوپنرز نے ٹیم کو 10 اوورز کے اندر ہی 112 رنز کا فاتحانہ آغاز فراہم کیا جس کے بعد سٹرلنگ رن آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 57رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد ہیلز کا ساتھ دینے رحمن اللہ گرباز آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مزید کسی نقصان کے بغیر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 25 گیندوں قبل ہی باآسانی ہدف حاصل کر لیا اور ایونٹ کا 9 وکٹوں کی شاندار فتح کے ساتھ آغاز کیا۔ایلکس ہیلز نے 54 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ رحمن اللہ نے 16 گیندوں پر 27رنز بنائے۔