خیبرپختونخوا وائٹس نے نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا

ملتان میں کھیلے گئے نیشنل انڈر 16ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا وائٹس نے سدرن پنجاب بلیوز کو 106 رنز سے شکست دے دی۔ خیبرپختونخوا کرکٹ ایسوسی ایشن کا ڈومیسٹک سیزن 22-2021 میں یہ لگاتار پانچواں ٹائٹل ہے۔ وہ اس سے قبل رواں سیزن میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی، قائداعظم ٹرافی، نیشنل انڈر19 ون ڈے کپ اور نیشنل انڈر 13 ون ڈے ٹورنامنٹ بھی جیت چکے ہیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں 256 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب بلیوز کی پوری ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر رانا عدیل کی نصف سنچری بھی رائیگاں گئی۔ محمد ہارون نے 38 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ریاض اللہ کے 78 رنز کی بدولت مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے تھے۔ 75 گیندوں پر مشتمل ریاض اللہ کی اننگز میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔ افکر درانی نے 49 اور محمد زبیر نے 40 رنز بنائے۔ سمیر اختر اور انعام اللہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

فائنل میں 78 رنز کی اننگز کھیلنے پر خیبرپختونخوا وائٹس کے ریاض اللہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 419 رنز بنانے پر انہیں بیٹر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ انہی کے ٹیم کے محمد ہارون کو 17 وکٹیں حاصل کرنے پر باؤلر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ناردرن بلیوز کے حسن اعجاز بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔

ٹورنامنٹ میں 414 رنز اور 6 وکٹیں حاصل کرنے پر سینٹرل پنجاب وائٹس کے طیب عارف کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ساڑھے تین لاکھ روپے جبکہ رنرزاپ کو اڑھائی لاکھ روپے چیک ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کو ٹرافیز بھی دی گئیں۔

تعارف: newseditor