جناح اسٹیڈیم گجرانوالہ میں 16 ویں نیشنل وومین بیس بال چیمپیئن شپ کا رنگارنگ آغاز۔

گجرانوالہ( پرویزشیخ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام 16 ویں نیشنل وومین بیس بال چیمپیئن شپ کا جناح اسٹیڈیم گجرانوالہ میں رنگارنگ آغاز ہوگیا۔مہمان خصوصی صدر چیمبرآف کامرس گجرانوالہ شعیب بٹ نے اے ڈی سی گجرانوالہ حسین علی رضا ، فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ، ڈویژنل اسپورٹس آفیسر سید منظر شاہ، چیمبر کامرس کے ایگزیکیٹیو ممبر محمد عارف سلیم اور فیڈریشن کی وومین ونگ اور دیگر آفیشلز کے ہمراہ بال کو ہٹ لگا کر افتتاح کیا۔اس موقع پر رنگارنگ تقریب کے انعقاد نے افتتاح کو چارچاند لگادیئے۔

تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے کے بعد افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر تمام ٹیموں اور آفیشلز کا مہمان خصوصی سے تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر سید فخر علی شاہ اور سید منظر شاہ نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کو گلدستے اور اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر فیڈریشن کی وومین ونگ کی سیکریٹری و سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کی نائب صدر عائشہ ارم کی جانب سے مہمانوں کو سندھی اجرک کے تحائف سید فخرعلی شاہ نے پیش کیئے۔ کھیلے گئے افتتاحی میچ میں اسلام آباد نے بلوچستان کی ٹیم کو 15-0 سے شکست دی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے مریم، شیمیر، عائشہ، سحرش، رمشا، چمن، فاخرہ، انعم اور ماحور نے رنز اسکور کیئے۔میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کے مطابق کھیلے گئے دیگر میچز میں ایچ ای سی نے سندھ کو، واپڈا نے پولیس کو اور آرمی کی ٹیم نے خیبرپختون خواہ کے خلاف کامیابیاں حاصل کرلی ہیں۔

نمایاں کھلاڑیوں میں وحیدہ، تسنیعہ، گل فیروزہ، عائشہ ارم، صدرہ اور دیگر شامل ہیں۔ میچز کو امپائرز چیئرمین محمد جمیل کامران کی نگرانی میں مخدوم مظفر عالم، عمران مغل، سرفراز احمد، زبیر وٹو، محمد حسین اور کاشف شیرازی نے سپروائز کیا۔اس موقع پر ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم حافظ مصدق حنیف،ہیڈ کوچ پاکستان وومین ٹیم طارق ندیم، محمد عمر بٹ، ناصر بٹ، عاطف بٹ اور آرگنائزنگ کمیٹی کے دیگر ممبران موجود تھے

تعارف: newseditor