فخر زمان ون ڈے کے بہترین بلے باز، شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بائولر قرار

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ‘کرک انفو’ نے فخر زمان کو ون ڈے کرکٹ کا بہترین بیٹر اور شاہین شاہ آفریدی کو بہترین ٹی ٹوئنٹی بولر قرار دے دیا۔

معروف ویب سائٹ نے 2021 میں تینوں طرز کی کرکٹ میں بہترین کارکردگی پر  ایوارڈ حاصل کرنے والےکرکٹرز  کے ناموں کا اعلان کیا ہے جس میں فخر زمان ون ڈے کے بہترین بیٹرقرار پائے ہیں۔

فخرزمان کو جنوبی افریقا کے خلاف 193 رنز کی غیر معمولی اننگز کھیلنے پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شاندار بولنگ پر شاہین شاہ آفریدی بہترین ٹی ٹوئنٹی بولر قرار پائے ہیں ،شاہین نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کےخلاف 31 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

بھارتی بلے باز رشبھ پنٹ بہترین ٹیسٹ بیٹر اور نیوزی لینڈ کےکائل جیمیسن بہترین ٹیسٹ بولر قرار پائے ہیں۔

انگلش فاسٹ بولر ثاقب محمود بہترین ون ڈے بولرقرار پائے ہیں جب کہ  بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹرکا ایوارڈ انگلینڈ کے جوز بٹلر اورکیپٹن آف دی ایئرکا ایوارڈ کیوی کپتان کین ولیمسن کو دیا گیا ہے۔

تعارف: newseditor