فاسٹ بولر حارث رؤف لاہور قلندرز کے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل میں کوالیفائی کرنے پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میچ میں فتح حاصل کرتے ہی رو پڑے۔
گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان ایونٹ کا دوسرا ایلیمینیٹر کھیلا گیا جس میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز اسکور کیے۔
جواب میں لاہور کے بولرز نے یونائیٹڈ کے بلے بازوں کو زیادہ دیر کریز پر رکنے نہیں دیا لیکن ایلکس ہیلز اور اعظم خان کریز پر جمے رہے، میچ میں کئی مواقع ایسے آئے جن میں لگا کہ میچ اسلام آباد جیت جائے گا تاہم قلندرز کے بولرز نے شائقین کرکٹ کی دلچسپی مقابلے میں بنائے رکھی اور یوں میچ آخری اوور میں جاکر اپنے نام کیا۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں ، اس کے علاوہ انہوں نے شاہین کی گیندوں پر دو شاندار کیچ کیے اور سیٹ بلے باز اعظم خان کو رن آؤٹ بھی کیا۔
میچ کے اختتام کے بعد جب لاہور کا اسکواڈ اور ممبران گراؤنڈ میں آئے تو حارث ان سے گلے مل کر زار و قطار رو دیے، ساتھ ہی جیت کے موقع پر شاہین کی آنکھوں میں بھی نمی دکھائی دی۔
حارث کے ان لمحات کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیا تو مداح بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔