پاکستان کپ کے تیسرے راؤنڈ میں بلوچستان ، ناردرن اور سینٹرل پنجاب نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے 184 رنز کا ہدف 36 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اوپنر عمران بٹ نے 79 اور اسد شفیق نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کرٹیم کو فتح دلائی۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 40.1 اوورز میں 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 75 اور آصف آفریدی نے 57 رنز اسکور کیے۔ خرم شہزاد اور عماد بٹ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہاؤس آف ناردرن میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت سندھ کو 2 رنز سے ہرادیا۔ سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.4 اوورز میں 251 رنز بنائے۔ اوپنر شرجیل خان نے 84 گیندوں پر 11 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 118 رنز اسکور کیے۔ آصف علی، عامر جمال ،زمان خان اور عماد وسیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن نے 23.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ محمد حریرہ نے 41 اور عمر امین نے ناٹ آؤٹ 41 رنز اسکور کیے۔

 

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ فاتح ٹیم نے 253 رنز کا ہدف 47.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ حسین طلعت 84 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ رضوان حسین نے 59 رنز بنائے۔ فیصل اکرم نے 35 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سدرن پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2اوورز میں 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ سلمان علی آغا 70 اور عمران رندھاوا 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔ وہاب ریاض اور عثمان قادر نے 3،3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!