پنڈی سٹیڈیم میں جاری پہلے تاریخی ٹیست میچ میں پاکستانی کرکٹ شائقین آسٹریلوی بیٹر مارنوس لابوشین کے پوسٹرز لے کر پہنچے ہوئے ہیں۔کہا جارہا ہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران شائقین کرکٹ کی طرف سے مارنوس لابوشین کو سب سے زیادہ پیار اور احترام ملا۔مارنوس لابوشین سے منسلک پوسٹرز پر ان کے مشکل نام یاد کرنے کے حوالے سے لکھا گیا تھا تو کسی پر نام کا تلفظ لکھا گیا تھا۔پنڈی سٹیڈیم میں ہر جانب اپنے پوسٹرز دیکھ کر مارنوس بھی ردعمل دینے سے خود کو روک نہ سکے۔پہلے ٹیسٹ کے آخری روز میچ کے آغاز سے قبل مارنوس لابوشین نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ مجھے راولپنڈی میں شائقین کیے تمام تر پوسٹرز بہت پسند آئے ہیں
پاکستان میں خوش آمدید کہنے والوں کا شکرگزار ہوں۔اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ٹوئٹ پر اپنے پوسٹرز شیئر کریں تاکہ میں بھی ان پر اپنا ردعمل دوں۔کریز پر اپنے مشہور زمانہ ڈائیلاگ نو رن پر مبنی ایک پوسٹر مارنوس کو سب سے زیادہ پسند آیا۔مارنوس کے نام کے حوالے سے کنفیوژ شائقین کرکٹ کیلئے بنایا گیا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ جو بھی نام سرچ کررہے ہیں ان کے لیے یہاں جواب میسر ہے۔ایک پوسٹر میں مارنوس کے مداح نے ساتھ کافی پینے کی درخواست کی تھی، جس پر آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ جس دن میں نے کیفے کھولا اس دن سب کو کافی ملے گی۔مارنوس کے پاکستانی مداحوں نے ایک پوسٹر میں لکھا تھا کہ مارنوس ہمیں آپ سے محبت ہے، اور ہم جلد آپ کا پورا نام سیکھ جائیں گے۔جواب میں مارنوس نے پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کیا۔