ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت ناردرن کو67 رنز سے شکست دے دی۔ 285 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 43.2 اوورز میں 217 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ مبصر خان 65 اور روحیل نذیر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عامر یامین، خوشدل شاہ اور عمران رندھاوا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 48.1اوورز میں 284 رنز اسکور کیے تھے۔ سلمان علی آغا نے134 گیندوں پر 18 چوکوں اور 6 چھکوں کی بدولت 171 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ عامر جمال نے تین جبکہ مبصر خان، موسیٰ خان اور اطہر محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 180 رنز کا ہدف 36.3اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر عمران بٹ نے 9 چوکوں کی بدولت 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل قاسم اکرم کے 63 رنز کے باوجود سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 37.5 اوورز میں 179 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ عاکف جاوید اور یاسر شاہ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے سندھ کو 113 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ خالد عثمان کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت سندھ کی پوری ٹیم 221 رنز کے تعاقب میں 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خالد عثما ن نے 8 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سندھ کے 7 بیٹرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 220 رنز بنائے تھے۔کامران غلام نے 47 رنز اسکور کیے ۔ ثمین گل اور احمد خان بالترتیب 46 اور 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ دانش عزیز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد اور سہیل خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔