پاکستان کے احسن رمضان نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی

پاکستان کے16 سالہ احسن رمضان نے انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔احسن رمضان یہ ٹائٹل جیتنے والے تیسرے پاکستانی ہیں ، انہوں نے فائنل میں ایران کے ٹاپ سیڈ عامر سرکوش کو شکست دی ۔دوحا میں کھیلی جانیوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے احسن رمضان ، جن کی ٹورنامنٹ سیڈنگ 27 تھی، کا مقابلہ ایران کے ٹاپ سیڈ عامر سرکوش سے تھا۔

 

5 گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہنے والے فائنل میں پاکستانی کیوئسٹ نے بہترین کنٹرول، شاندار پوٹنگ اور مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کیا اور خسارے میں آنے کے باوجود بھی پریشر نہیں لیا اور عمدہ کھیل کر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔فائنل کے ابتدائی دو فریمز تو احسن رمضان نے جیت لیے مگر اس کے بعد ایرانی کیوئسٹ نے مسلسل چار فریمز جیتے ، انہوں نے چوتھے فریم میں سنچری بریک بھی کھیلا اور مقابلے میں چار ۔ دو کی برتری حاصل کرلی ۔

 

تاہم ساتویں فریم میں احسن رمضان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور اپنے خسارے کو کم کرکے چار ۔ تین کیا ،  مگر آٹھویں فریم میں وہ صرف ایک ریڈ بال حاصل کرسکے ، یوں عامر کو پانچ ۔ تین کی برتری حاصل ہوگئی  جبکہ  ایرانی کیوئسٹ کو ٹائٹل کیلئے ایک فریم درکار تھا مگر ا س کے باوجود احسن رمضان ہمت نہیں ہاری اور تین فریمز مسلسل جیت کر بتادیا کہ اسنوکر میں پاکستان سے ایک اور اسٹار آچکا ہے ۔

 

احسن رمضان محمد یوسف اور محمد آصف کے بعد یہ ٹورنامنٹ جیتنے والے پاکستان کے تیسرے پلیئر ہیں، محمد آصف نے دو مرتبہ عالمی چیمپئن شپ جیتی ، یوں مجموعی طور پر یہ پاکستان کا چوتھا اسنوکر ورلڈ ٹائٹل ہے۔

error: Content is protected !!