وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کہا ہے کہ فٹ بال ہائوس فیفا کے حوالے کر دیا گیا ہے اور امید ہے کہ فیفا پاکستان کی رکنیت جلد بحال کرے گی۔اس اقدام سے ملک میں فٹ بال کی جلد بحالی ہو گی اور پاکستانی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں حصہ لینا شروع کردیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی ملک میں منصفانہ اور شفاف انتخابات منعقد کروانے کے لئے جلد از جلد اقدامات کرے گی۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے فٹ بال کھلاڑیوں اور فٹ بال شائقین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نےفٹ بال ہاؤس فیفا کو واپس کر تے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے۔ ملک بھر سے فٹ بال تنظیموں کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی فٹ بال ہائوس فیفا کے حوالے کروانے پر کوششوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی کوششوں اور کاوشوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔