لاہور کے قذافی سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی تیاریاں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی سٹیڈیم لاہور کا نام تبدیل کرنے کی تیاری کرلی نام تبدیل کرنے کا فیصلہ مکمل مالیاتی بنیادوں پر کیا گیا اور اب سٹیڈیم کو کسی سپانسر کا نام دیا جائے گا ۔ایک کرکٹ ویسٹ سائٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں لیکن اس مرتبہ نام تبدیل کرنے کا یہ فیصلہ مکمل مالیاتی بنیادوں پر کیا گیا ہے اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم کے بعد کراچی کے نیشنل سٹیڈیم سمیت ملک کے دیگر میدانوں کے نام بھی تبدیل کیے جائیں گے ۔اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ یو گوو کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تا کہ اپنے سٹیڈیم کی مالیت کے ساتھ یہ بھی جان سکیں کہ سپانسرشپ ڈیل کی مالیت کیا ہوسکتی ہے ، صرف قذافی سٹیڈیم نہیں بلکہ نیشنل سٹیڈیم اور دیگر میدانوں کے نام بھی تبدیل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک عرصے سے کام جاری تھا اور اس سلسلے میں سپانسرز کی طرف سے ظاہر کیا گیا ردعمل بھی اطمینان بخش ہے اور جب ایک مرتبہ معاہدہ ہو گیا تو قذافی کی جگہ کسی سپانسر کا نام آ جائے گا۔خیال رہے کہ لاہور کے تاریخی سٹیڈیم کو 50 سال قبل لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی کے دورہ پاکستان کے موقع پر ان کے نام پر قذافی سٹیڈیم کا نام دیا گیا جب کہ 1959 میں تعمیر کیے گئے اس سٹیڈیم کو ابتدائی طور پر لاہور سٹیڈیم کا نام دیا گیا تھا لیکن 1974 میں معمر قذافی کے دورہ پاکستان کے دوران جب انہوں نے اسلامی سربراہی کانفرنس میں پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے منصوبے کی حمایت کی تو کرنل قذافی کے اس اقدام پر اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے سٹیڈیم کو ان کے نام سے منسوب کردیا تھا ۔

error: Content is protected !!