پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم کی تشکیل اور تیاری کے لئے انڈر23 فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹرائلز کا اعلان کردیا۔ جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم لاہور میں یکم اور دو اپریل 2022 کو ٹرائلز منعقد ہونگے ۔ چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر کی قیادت میں قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی ٹرائلز میں شریک ہونے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں اولمپین کلیم اللہ، اولمپین ناصر علی، اولمپین ایاز محمود، اولمپین خالد حمید اور اولمپین وسیم فیروز شامل ہیں۔حتمی سلیکشن کے بعد 5 اے سائیڈقومی ہاکی ٹیم سوئٹزر لینڈز میں منعقد ہونے والے فائیو اے سائیڈ ہاکی ایونٹ میں شرکت کرے گی جوکہ جون میں منعقد ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تما م ملحقہ یونٹس کو ٹرائلز کی بابت مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ جس میں کھلاڑیوں کی شرکت کے لئے عمر کی حد انڈر23سال رکھی گئی ہے۔ یکم جنوری 1999 یا اسکے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی ہی ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہونگے۔ ملحقہ یونٹس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ٹرائلز میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کو اصل دستاویزات قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ہمراہ لانا ہونگے۔ فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ لوزانے ،سوئٹزرلینڈز میں جون 2022 میں منعقد ہوگا۔