سپین کے مایہ ناز ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال کو اٹالین اوپن کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں کینیڈا کے کھلاڑی ڈینس شاپووالوف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ڈینس نے ایک سخت مقابلے کے بعد رافیل نڈال کو ایک چھ، سات پانچ اور چھ دو سے شکست دیکر کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنائی ہے، رافیل نڈال جو اس ٹورنامنٹ سے قبل پسلیوں کی انجری کا شکار تھے اس میچ کے اختتام پر بھی لنگڑاتے ہوئے دکھائی دیئے جس کے بعد ان کی فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت پر شکوک ظاہر کئے جا رہے ہیں
اس حوالے سے رافیل نڈال کا کہنا ہے کہ پہلا سیٹ جیتنے کے بعد دوسرے سیٹ کے دوران پائوں کی تکلیف دوبارہ شروع ہو گئی تھی اور یہ ناقابل برداشت تھی ، اسی پائوں کی انجری کے باعث وہ گزشتہ سال ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی نہیں کھیل سکے تھے نڈال کا کہنا تھا کہ پائوں میں تکلیف کبھی کم اور کبھی زیادہ ہو جاتی ہے مگر میچ کے دوران بہت زیادہ تکلیف ہوئی، اب دو دن بعد یا ایک ہفتے بعد تکلیف کم ہوتی ہے یا نہیں اس بارے میں کچھ واضح طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے۔