خیبرپختونخوا روایتی گیمز’لکی مروت میں کڑکا ایونٹ سے آغاز ہوگیا

پشاور(سپورٹس رپورٹر)ٍڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا روایتی گیمز کا لکی مروت سے باضابطہ آغاز ہوگیا، کڑکا کے عمر رسیدہ کھلاڑی حق داد خان نے کڑکا ایونٹ سے گیمز کا افتتاح کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر اسماعیل وزیر، ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کے چیف کوچ شفقت اللہ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ارشاد اللہ خان، ایڈمن آفیسر ارشاد خان ، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار خان مروت بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دو روزہ ایونٹ میں لکی مروت کیساتھ بنوں سے بھی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں’اپنی نوعیت کے پہلے ایونٹ میں ثمر کاکا خیل، اسلم خان عیسی خیل، امیر اختر پاڑ خیل، خا ن بادشاہ دربدنی خیل، عمر خان بچکن احمدزئی، اول خان شازئی اور اسحاق کا کا خیل کلبوںکی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں کھلاڑی شوق و ذوق سے حصہ لے رہے ہیں اور بڑی تعداد میں تماشائی بھی موجود تھے’کڑکا کے معروف کھلاڑی حق داد خان نے کیاجن کی کڑکا کے کھیل کے سلسلے میں بہت خدمات ہیں وہ نہ صرف لکی مروت بلکہ بنوں ڈویژن میںبھی پہنچانے جاتے ہیں، کڑکا ایونٹ آج ختم ہوگا ڈپٹی کمشنر لکی مروت کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

روایتی گیمز مرحلہ وار صوبے کے تمام ریجنوں میں منعقد کئے جائیں گے جن کی فاتح ٹیموں کے درمیان پشاور میں فائنل رائونڈ کھیلا جائے گا۔ مقامی لوگوں اور کھلاڑیوں نے کڑکہ ایونٹ کے انعقاد اور روایتی گیمز کو زندہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد خان اور ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن عزیز اللہ جان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس اقدام سے نوجوان اور آئندہ کی نسلیں اپنی ثقافت اور وایتی گیمز سے روشناس ہوں گے اور وہ مقابلوں میں شامل ہو کر گیمز کو زندہ رکھیں گے۔

جمشید بلوچ نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس کی نگرانی میں دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ روایتی گیمز پر بھی توجہ دی جارہی ہے ہر ریجن میں ان گیمز کا انعقاد کیا جائے گا جو وہاں مقبول ہوں ، کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے روایتی گیمز میں محکمہ تعلیم بھی تعاون کر رہا ہے۔انہوں نے ڈی ایس او اسماعیل وزیر سمیت تماشائیوں اور کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ کھیلوں کے فروغ و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے

تعارف: newseditor