ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان کی پنجاب کوالیفائنگ شطرنج چیمپئن شپ کے چیمپیئن سید محمد علی، رنر اپ نذر حسین اور تمام جیتنے والوں کو مبارکباد

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے پنجاب کوالیفائنگ شطرنج چیمپئن شپ 2022 ء کے چیمپیئن سید محمد علی، رنر اپ نذر حسین سمیت تمام جیتنے والوں کو مبارکباددی ہے، منگل کے روز چیمپئن شپ کے فاتحین کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ چیمپیئن شپ میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، شطرنج کے کھیل میں بہت ٹیلنٹ ہے

نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں اور خوشی ہے کہ نوجوان بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر بھرپور انداز میں دکھا رہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب شطرنج کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہا ہے، چند ماہ قبل شطرنج کا میگا ایونٹ منعقد کرایا تھا جس میں600 سے زائدکھلاڑیوں نے شرکت کی تھی ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے مزید کہا ہے کہ نوجوانوں کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، نوجوان جوش و جذبے کیساتھ سپورٹس میں حصہ لیں اور ملک کا نام روشن کریں


سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون اور شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی پنجاب کوالیفائنگ شطرنج چیمپئن شپ 2022 ء گوجرانوالہ کے سید محمد علی نے جیت لی جبکہ شیخوپورہ کے نذر حسین اور راشد رفیق نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی،16 مرتبہ کے نیشنل چیمپئن و انٹرنیشنل ماسٹر رہنے والے محمود لودھی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے فاتح کو ٹرافی جبکہ باقی دس کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہونیوالی پنجاب چیمپئن شپ میں پنجاب بھر سے 100 سے زائد ٹاپ کھلاڑیوں نے شرکت کی

پنجاب کے ڈویژنل سطح کے مقابلوں میں کوالیفائی کرنے والے کھلاڑی پنجاب لیول کا ٹورنامنٹ کھیلنے کے اہل قرار پائے تھے، چیمپئن شپ میں چند کھلاڑی وائلڈ کارڈ کے ذریعے شامل ہوئے، چیمپئن شپ میں سر فہرست رہنے والے 14کھلاڑی جون میں ہونے والی قومی شطرنج چیمپئن شپ میں پنجاب کی نمائندگی کریں گے،اس میں کامیاب نے والے 5 کھلاڑیوں کو جولائی 2022 میں بھارت میں منعقد ہونے والی عالمی شطرنج اولمپیاڈ کے لیے منتخب کیا جائے گا

قومی شطرنج چیمپئن شپ کے لیے پنجاب کی ٹیم کے لئے کوالیفائی کرنے والے کھلاڑیوں میں عاقب جاوید بٹ (لاہور)،راشد پرویز (سرگودہ)،افتخار علی (گجرانوالہ)،فوزان اللہ (لاہور)،شہریار نجمی (لاہور)،علی اکبر (ٹوبہ ٹیک سنگھ)،زمان سہیل (لاہور)جنید سہیل (لاہور)،جہانزہب سہیل (راولپنڈی)،اسد اللہ (لاہور) اور عتیق منظور (لاہور) شامل ہیں،شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان کی جانب سے مائنڈ گیمز کے فروغ کے لیے کی جانے والی خصوصی کاوشوں کو سراہا، ڈی جی سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ گوہر اقبال، جوائنٹ سیکرٹری عمر فاروق ، ماسٹر عامر کریم کو بھی مبارکباد دی ۔

error: Content is protected !!