محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام روایتی ثقافتی گیمز کے سلسلے میں صوابی میں مخہ کے مقابلے ختم ہوگئے۔ فائنل میں صوابی نے مردان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 37 کے مقابلے میں 39 پوائنٹس سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل 10 گھنٹے جاری رہا فائنل کے موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن عزیز اللہ جان مہمان خصوصی تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر مردان افزار محمد، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صوابی طارق محمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اشفاق خان، حامد خان اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ نے دونوں ٹیموں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈائریکٹوریٹ سپورٹس روایتی کھیلوں کی بحالی کے لئے کردار ادا کررہا ہے جس سے نوجوانوں اور نئی نسلوں کو ثقافت اور روایتی کھیلوں سے جڑے رہنے کا موقع ملے گا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافی اور کیش انعامات تقسیم کئے ونر کو بیس ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو دس ہزار روپے کیش انعامات سے نوازا گیا ۔