دعا ہے کہ بابر اعظم اسی طرح کھیلتے رہیں،یونس خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ہمارا ایک بہت ہی لاجواب کھلاڑی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم ہمارے لیے باعث فخر اور نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک انسپائریشن ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے 10 ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد بیٹر یونس خان نے کہا کہ بابر اعظم اس وقت بھرپور فارم میں ہیں، دعا ہے کہ وہ اسی طرح کھیلتے رہیں اور اپنے ملک کے لیے زیادہ خدمات انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ بابر اعظم ملک کے لیے زیادہ کھیلیں اور اگر تھوڑی بہت انرجی بچ جائے تو پھر اپنے لیے بھی کھیلیں، اگر اس طرح کی سوچ ہمیشہ رہے تو اللہ کی طرف سے بھی بہت کامیابی ملتی ہے۔یونس خان نے کہا کہ بابر اعظم کے پاس ایک بہت اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ سے ملک کے لیے زیادہ کچھ کریں کیونکہ وہ ایک چیمپئن پلیئر ہیں اور چیمپئن پلیئر ملک اور فیملی کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔

 

سابق کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ضروری نہیں ہے کہ آپ کو سودمند ماحول ملے، ہمارے کرکٹرز وارئیرز ہیں، انہیں ہر موسم اور ہر صورتحال میں کھیلنا ہے، اس طرح کے گرم موسم میں جب آپ پرفارم کرتے ہیں تو مزید پختہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان ٹیم نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی اس میں سب کھلاڑیوں نے حصہ ڈالا، خوشدل شاہ نے جس طرح بیٹنگ کی وہ بہت زبردست لگا، جب آپ میچ جتواتے ہیں تو وہ احساس الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑی بھی جیت کے بعد بہت خوش ہوں گے۔

تعارف: newseditor