جرمنی میں کھیلے گئے ہالے اوپن کے مینز سنگل فائنل میں پولینڈ کے ہیوبرٹ ہرکاکز نے عالمی نمبر ایک حریف روس کے ڈینیئل میڈیڈیو کو باآسانی چھ، ایک اور چھ، چار سے مات دے کر رواں برس پہلا ٹائٹل جیت لیا۔جبکہ یہ ان کی گراس کورٹ پر بھی اولین ٹرافی تھی، 2021 میں ومبلڈن کے سیمی فائنلسٹ نے محض 65 منٹ میں پہلا اے ٹی پی 500 ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا جو ان کے کیریئر کا پانچواں ٹورلیول ٹائٹل بھی ہے۔
اسی ٹورنامنٹ کا مینز ڈبل ٹائٹل ٹاپ سیڈ جوڑی ارجنٹائن کے ہوراشیو زیبالوس اور سپین کے مارسیل گرینولرز نے جیت لیا جب انہوں نے نمبر تین سیڈ حریفوں آسٹریلیا کے مائیکل وینس اور جرمنی کے ٹم پٹز کو چھ، چار،چھ، سات اور چودہ، بارہ سے مات دے دی۔ادھر برطانیہ میں جاری کوئنز کلب چیمپئن شپ میں نمبر دو سیڈاٹلی کے میٹیو بیریٹینی نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے سربیا کے فلپ کرائنووچ کو سات،پانچ اور چھ،چار سے ٹھکانے لگا کر گراس پر چوتھی جبکہ ٹور لیول پر ساتویں ٹرافی جیت لی۔جرمن اوپن کے برلن میں کھیلے گئے فائنل میں تیونس کی اونس جیبیور نے رواں برس چوتھی ٹرافی اپنے نام کی۔