آسڑیلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر نتھن لیون کا کہنا ہے کہ سری لنکا کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز چیلنج سے کم نہیں ہو گی کیونکہ یہاں پر ٹیسٹ میچوں کیلئے ٹرننگ ٹریک بنائے جاتے ہیں، سری لنکا اور آسڑیلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 29 جون سے شروع ہوگا ، آسڑیلوی ٹیم جس نے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے شکست دی تھی کے سپنر نتھن لیون نے اپنے ایک انٹرویو میں مزید کہا کہ ٹیسٹ میچ کیلئے جو وکٹ بنائی جائے گی
توقع ہے کہ وہ پہلے ہی روز سے ٹرن لینا شروع کردے گی، انہوںنے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کا آغاز یہاں سے ہی کیا تھا اور اس کے بعد بھی یہاں کھیل چکا ہوں لہذا میں سمجھتا ہوں کہ کنڈیشنگ میں کوئی زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ آسڑیلیا سری لنکا کیخلاف دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اترے اور اگر ایسا ہوا تو مچل سوئیپسن میرے بائولنگ پارٹنر ہونگے، یاد رہے کہ آسڑیلیا اور سری لنکا کے درمیان 29 سے پہلا ٹیسٹ میچ گالے میں کھیلا جائیگا جہاں سے نتھن لیون نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، لیون کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیتنے سے ٹیم کو یہ اعتماد ملا ہے کہ ہم بھی برصغیر کی وکٹوں پر سیریز جیت سکتے ہیں۔