سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام تیسری پاک سری لنکا انٹرنیشنل سواتے چیمپئن شپ کا رنگا رنگ افتتاح جمعرات کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کیا اور ٹرافی کی رونمائی کی، افتتاحی تقریب میں پاکستان اور سری لنکا کے قومی ترانے بجائے گئے، رولر سکیٹنگ، جمناسٹک اور مارشل آرٹس کا شاند ار مظاہرہ کیا گیا، تماشائیوں کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے تعارف کرایا گیا،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسداللہ فیض اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کو سوینئرپیش کئے گئے، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر شاہ، سواتے فیڈریشن کے آفیشلز بھی موجود تھے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے کہا ہے کہ آج خوشی کا موقع ہے کہ دوست ملک سری لنکا کی ٹیم چیمپئن شپ میں شریک ہے، سری لنکا کی ٹیم اور آفیشلز کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سواتے چیمپئن شپ سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی،چیمپئن شپ میں خواتین کے 9اور مردوں کے 4مقابلے ہورہے ہیں،خواتین کو سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ مواقع دے رہے ہیں،آنیوالے دنوں میں سپورٹس کے انٹرنیشنل ایونٹس کرائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیسری پاک سری لنکا انٹرنیشنل سواتے انٹرنیشنل چیمپئن شپ تازہ ہوا کا جھونکا ہے جس میں سری لنکا کی ٹیم بھی شریک ہے، غیرملکی کھلاڑیوں سے مقابلوں سے ہمارے کھلاڑیوں کے کھیل
میں نمایاں بہتری آئے گی، سواتے چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،نئے کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کررہے ہیں،کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے سپورٹس کے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کرائیں گے۔
چیمپئن شپ کے افتتاحی روز60کلوگرام کیٹیگری (وومن)میں پہلا مقابلہ برابر رہا، 56کلوگرام کیٹیگری کا مقابلہ پاکستان (وومن) نے جیت لیا، مائنس 46کلوگرام کیٹیگری میں سری لنکا کے عبدالرشید فاتح رہے، مائنس 36کلوگرام کیٹیگری میں سری لنکا کی کھلاڑی کامیاب رہیں۔