پی جے ایل کے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر نشر ہوں گے

 

پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ٹی وی اسپورٹس کے اعلیٰ حکام نے رواں ہفتے اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں پی جے ایل کے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اکتوبر میں کھیلی جانے والی فرنچائز لیگ کے تمام میچز لاہور میں منعقد ہوں گے۔

فیصل حسنین، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ کرکٹ اس قوم کو متحد کرتی ہے۔ خوشی ہے کہ نیشنل براڈکاسٹر، پی ٹی وی اسپورٹس نے پاکستان جونیئر لیگ کے تمام میچز براہ راست نشر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اسپورٹس کی جانب سے ایونٹ کی نمایاں کوریج پی جے ایل کی پروفائل میں اضافہ کرے گی۔ خطے میں کرکٹ کے فروغ اور پذیرائی کے لیے پی سی بی کو پی ٹی وی اسپورٹس جیسے شراکت داروں کی ضرورت ہے۔

فیصل حسنین نے کہا کہ ملک بھر میں موجود پی ٹی وی اسپورٹس کے ناظرین تک پہنچنے والے پاکستان جونیئر لیگ کے براہ راست مناظر باصلاحیت نوجوانوں کو اس لیگ کی جانب راغب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جب سے کرکٹ میں براڈکاسٹ کوریج متعارف ہوئی ہے پی سی بی اور پی ٹی وی اس وقت سے ہی شراکت داروں کی حیثیت سے مل کر کام کررہے ہیں اور گزشتہ چند برسوں میں یہ رشتہ اور بھی مضبوط ہوا ہے۔

مبشر توقیر شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی :

ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی اسپورٹس اپنی کوریج کے ذریعے کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے جو معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کررہا ہے۔ پاکستان جونیئر لیگ ایک دلچسپ پراجیکٹ ہے اور وہ حکومت کی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی سے متعلق پالیسی کے تحت پی سی بی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے پی جے ایل کی بھرپورکوریج کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سیزن 23-2022 کے دوران پاکستان کرکٹ کےمداحوں کو بہت سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ اس دوران پی سی بی کو پاکستان جونیئر لیگ کے انعقاد کے علاوہ انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کی میزبانی بھی کرنی ہے۔ فروری 2023 میں ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کے مقابلے بھی شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینز سے جوڑے رکھیں گےجبکہ اسی سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم نے اے سی سی ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں میں بھی شرکت کرنی ہے۔

تعارف: newseditor