ہم سری لنکا کی کنڈیشنز کے لیے تیار ہیں ،بابر اعظم

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے فاسٹ بولرز پر اعتماد ہے وہ ہر کنڈیشن میں اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے سری لنکا کے دورے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سری لنکا کی کنڈیشنز کے لیے تیار ہیں ،اس کنڈیشنز میں پاکستان ٹیم اچھا کھیلتی رہی ہے۔قومی کپتان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ہمارے پاس کافی وقت تھا اور اسی سیریز کے پوائنٹس خاصے اہم ہیں، ہوم سیریز میں ہر ٹیم مضبوط ہوتی ہے جس سے فائدہ ہوتا ہے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے وکٹیں لینی ہیں اور اسی پر فوکس کرنا ہے، وہاں کی وکٹوں اور اسپنرز کے مطابق سویپ پر بھی کام کیا ہے، ٹیسٹ میں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگتا ہے

 

ہم نے بحیثیت ٹیم اس پر کام کیا ہے کہ صورتحال کے مطابق ہم نے کیسا کھیلنا ہے اور ہم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ٹریک پر آرہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سپنرز کا شعبہ اچھا ہے، یاسر شاہ واپس آئے ہیں، وہاں سپنرز کو مدد ملے گی، مجھے اپنے فاسٹ بولرز پر بھی اعتماد ہے ،وہ ہر کنڈیشن میں اچھا پرفارم کرسکتے ہیں، ٹف کنڈیشنز میں چیلنجز ہوتے ہیں لہذا اسی کے مطابق خود کو تیار بھی کیا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کیمپ میں آکر فاسٹ بولروں کی بہت حوصلہ افزائی کی

 

شان مسعود اگر کمبی نیشن میں فٹ ہوئے اور ضرورت پڑی تو ضرور کھیلیں گے، ساجد خان کو میں بھی محسوس کر رہا تھا کہ ہونا چاہیے، دوسرے سپنرز بھی اچھے ہیں وہ ایکشن پر کام کر رہے ہیں۔قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم اچھا کھیل رہی ہے سب کو خوش ہونا چاہیے، ہمیں چیئرمین اور بورڈ سے سپورٹ ملی، ہم اچھا کھیلے اسی کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے، ابھی کمبی نیشن پر کہنا قبل ازوقت ہے، سری لنکا میں سائیڈ میچ بھی ہے اس کے بعد پلیئنگ الیون کا سوچیں گے۔ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے یہ بھی کہا کہ میں ٹیسٹ میں ڈبل محنت کر رہا ہوں تاکہ میری رینکنگ اس میں بھی مزید بہتر ہو،بگ بیش لیگ میں ابھی بہت وقت ہے، ہماری اپنی کرکٹ بہت زیادہ ہے لہذا ابھی اس کے بارے میں نہیں سوچا۔

تعارف: newseditor