ٹیسٹ کرکٹر ذوالقرنین حیدر معدے کے عارضے میں مبتلا ہوگئے ہیں، وہ غیر ملکی لیگ کے دوران معدے کی بیماری کا شکار ہوئے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ عمان میں باسی کھانا کھانے سے معدے میں انفیکشن ہوا۔انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر ہسپتال میں علاج کرایا تاہم بیرونِ ملک علاج کے اخراجات نہیں اٹھا سکتا۔ذوالقرنین حیدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رابطہ کیا اور ایک ٹیم ہسپتال بھیجی تھی، امید دلائی گئی کہ میڈیکل کے اخراجات میں سپورٹ کی جائے گی، امید ہے کہ جلد میرے بل کلیئر کر دیے جائیں گے اور یہ میرا حق بھی ہے۔
اس حوالے سے ذوالقرنین حیدر کی بیٹی کا کہنا ہے کہ میرے والد کرکٹ سے وابستہ رہے لیکن انہیں اب نوکری کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے والد اب باہر جا کر کھیلنے کے قابل نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ بورڈ میرے والد کے لیے نوکری کا بندوبست کرے۔واضح رہے کہ 2010 میں ذوالقرنین حیدر جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز کے دوران اچانک لندن چلے گئے تھے۔ذوالقرنین حیدر نے الزام لگایا تھا کہ کرکٹر عمر اکمل نے ان کو دھمکایا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ 2010 میں ان لوگوں نے مجھے ڈرایا دھمکایا، میں کم عمر تھا اس لیے دبائو برداشت نہیں کر سکا تھا۔