ہاکی ہمارا قومی ورثہ، انڈر 13ہاکی لیگ قومی کھیل کی بحالی کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب اسد اللہ فیض

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہی نہیں بلکہ قومی ورثہ ہے، انڈر 13ہاکی لیگ قومی کھیل کی بحالی کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگی، ہاکی لیگ کا دائرہ پنجاب بھر میں پھیلائیں گے جس سے اچھے کھلاڑی نکلیں گے ان کھلاڑیوں کو وظائف دیکر ہاکی کے سٹار بنائیں گے، آج تاریخی دن ہے کیونکہ پہلی مرتبہ انڈر 13ہاکی لیگ کرائی جارہی ہے، کمشنر لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے مل کر ہاکی کے فروغ دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے

انڈر 13ہاکی لیگ سے لاہور ڈویژن سے ہاکی کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ماضی میں ہاکی میں پاکستان کا جو مقام تھا اس کو دوبارہ حاصل کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور کمشنر لاہور کے باہمی تعاون سے انڈر 13ہاکی لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ،طیہ نون، اولمپیئنز اختر رسول، توقیر ڈار، خواجہ جنید، محمد ثقلین، قومی ہاکی ٹیم کے ارکان، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری آصف باجوہ، ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ،ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن ، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین ودیگر بھی موجود تھے

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے مزید کہا کہ محکمہ سپورٹس پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ سامنے لائے گا، پاکستان نے ہاکی کے نامور کھلاڑی پیدا کئے ہیں، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے اس سلسلے کو دوبارہ شروع کررہے ہیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ سپورٹس پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو شامل کرکے انڈر 10،13اور 16کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کریں گے

پنجاب بھر میں ہاکی لیگ کرائیں گے جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انڈر 10،13اور 16 کھلاڑیوں کا ایلیٹ گروپ بنائیں گے اور ان کو وظائف بھی دیں گے،اولمپیئنز نے افتتاحی تقریب میں شرکت کرکے نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ہاکی کے کھیل میں ہمارا ماضی بہت تابناک رہا ہے، دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان سے تھا، ہاکی کی بحالی کا کام محکمہ سپورٹس پنجاب سے مل کر شروع کردیا ہے، ہاکی لیگ میں لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ہاکی لیگ کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز میرٹ پر ہوئے ہیں ، ٹرائلز میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ہم پرامید ہیں کہ یہی کھلاڑی پاکستان کے سٹار بنیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے انڈر13ایج گروپ بہترین ہے جس کے لئے اس کا اہتمام کیا گیا ہے، ہاکی لیگ میں ٹیمیں یورپی سٹرکیچر کے مطابق دو ماہ ایک دوسرے سے کھیلیں گی، فائنل نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہوگا۔

سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور کمشنر لاہور کے باہمی تعاون سے انڈر 13ہاکی لیگ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی، کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی، اس موقع پر نوجوان لڑکوں نے جمناسٹک اور ایروبکس جبکہ فنکاروں نے صوفی پرفارمنس کا خوبصورت مظاہرہ کیا، پنجاب پولیس بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں بجا کر شائقین کے دل جیت لئے، تقریب میں ہاکی کا ترانہ ”آئو کھیلیں ہاکی” بھی جاری کیا گیا، شائقین کی بڑی تعداد نے انڈر 13ہاکی لیگ کی افتتاحی تقریب دیکھی اور فنکاروں کا شاندار پرفارمنس پر بھرپور داد دی، تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، انڈر 13ہاکی لیگ میں لاہور ڈویژن کی 9 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں ضلع لاہور کی تین جبکہ باقی تین اضلاع شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کی 2،2ٹیمیں شامل ہیں۔

تعارف: newseditor