ینگ بلڈ فٹ بال لیگ میں ملاں پور کلب نے ٹھیکری والا ینگ بلڈ کلب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے ہرا دیا جبکہ منصوراں کلب نے تیسری اور جوداں کلب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ لیگ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی رانا راشد منہاس اور ماشا یونائیٹڈ فٹ بال ٹیم کے صدر رانا محمد اشرف خان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ اس موقع پر قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان سمر اسحاق، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری اطلاعات و اسلام آباد سوکر فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد، ماسٹر رائے عبدالرزاق، ماسٹر رانا وقاص اعظم، حاجی محمد سعید جٹ اور رانا محمد شفیق کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ گوڑنمنٹ معین الاسلام ہائر سیکنڈری سکول ٹھیکری والا فٹ بال گرائونڈ، فیصل آباد میں کھیلےگئے لیگ کے فائنل میچ میں ملاں پور کلب نے ٹھیکری والا ینگ بلڈ کلب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے ہرا دیا۔ وقفے دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر رہیں۔ دوسرے ہاف میں ملاں پور کلب نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 1-2 گول سے جیت لیا۔ پہلے ہاف کے 14ویں
منٹ میں
ملاں پور کلب کی جانب سے محمد اعظم نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 گول سے برتری دلائی جس کے پانچ منٹ بعد ٹھیکری والا ینگ بلڈ کلب کے محمد حمزا نے اسامہ اعظم کے عمدہ گیند پر گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ دوسرے ہاف کے اختتام ہونے سے چند منٹ قبل ملاں پور کلب کے محمد رمضان نے گول کرکے مقابلہ 1-2 گول کردیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔تیسری پوزیشن کے کھیلے گئے میچ میں منصوراں کلب نے جوداں کلب نے 3-4 پنلٹی ککس سے ہرا دیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا۔ لیگ میں چار جونیئر ٹیموں نے حصہ لیا جن میں ملاں پور کلب، ٹھیکری والا ینگ بلڈ کلب، منصوراں کلب اور جوداں کلب کی ٹیمیں شامل تھیں۔ لیگ کے میچز ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلے گئے۔