سربیا کے مایہ ناز ٹینس کھلاڑی نوواک ڈچکووچ کی آئندہ ماہ شروع ہونے والے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے، یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے حکومتی اعلان کے مطابق چلیں گے، امریکا حکومت کے اعلان کے مطابق کسی بھی ایسے کھلاڑی کو ملک میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا جس نے کورونا ویکسی نیشن نہیں کرائی ہے، یاد رہے کہ ویکسی نیشن نہ ہونے کی وجہ سے نوواک ڈچکووچ آسڑیلین اوپن میں شرکت نہیں کرسکے تھے تاہم انہوں نے ومبلڈن اوپن میں شرکت کی تھی اور ٹائٹل جیت لیا تھا، 35 سالہ نوواک نے ومبلڈن اوپن جیتنے کے بعد یو ایس اوپن میں شرکت کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ اچھی خبر کے منتظر ہیں
یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں انتیس اگست تا گیارہ ستمبر تک کھیلا جائیگا اور تین بار یو ایس اوپن جیتنے والے نوواک ڈچکووچ کا نام انٹری لسٹ میں شامل ہے، سال کے آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن کے منتظمین نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گرینڈ سلام قوانین کے مطابق تمام مینز و ویمنز کھلاڑی عالمی درجہ کے حساب سے مین ڈرا میں شامل ہوتے ہیں اسی لئے نوواک کا نام بھی انٹری لسٹ میں شامل ہے تاہم ہم اس حوالے سے حکومتی فیصلے کا احترام کریں گے اور انہی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے کورونا ویکسی نیشن کرائی ہے۔