سعید خان کی بطور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن تعیناتی کا معاملہ لٹک گیا

ہاکی کے سابق کھلاڑی سعید خان کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کے طور پر تقرری کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سعید خان کو پاکستان آ کر سیکریٹری کی ذمے داریاں سنبھالنے سے روک دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی پیچیدگیوں کے باعث سعید خان کی تقرری کو روکا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعید خان فرانس میں مقیم ہیں، انہوں نے جمعرات کو لاہور پہنچنا تھا، چند روز قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سعید خان کو آصف باجوہ کی جگہ سیکریٹری بنایا تھا، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کے عہدیداران کو ڈی نوٹیفائی کر کے 4 رکنی کمیٹی بنائی ہے۔اس 4 رکنی کمیٹی نے 30 روز میں پی ایچ ایف کے انتخابات کرانے ہیں، جبکہ پی ایس بی کے احکامات کے باوجود خالد سجاد کھوکھر فیڈریشن کے امور انجام دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈی نوٹیفائی پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے سیکریٹری آصف باجوہ کے مستعفی ہونے کا دعوی کیا تھا، خالد سجاد کھوکھر کامن ویلتھ گیمز کے لیے 2 روز قبل انگلینڈ جا چکے ہیں۔دوسری جانب آصف باجوہ باقاعدگی سے نیشنل اسٹیڈیم میں سیکریٹری پی ایچ ایف کے کمرے میں موجود ہوتے ہیں۔

تعارف: newseditor