خیبر پختونخوا کے عمیر عارف نے آل پاکستان اوپن سکواش چیمپئن شپ جیت لی

پشاور( سپورٹس رپورٹر)خیبرپختونخوا کے ابھرتے ہوئے جونیئر سکواش کھلاڑی عمیر عارف نے آل پاکستان نیشنل جونیئر انڈر 15 ٹائٹل اپنے نام کرلی ، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا ، انڈر 15 فائنل میں خیبر پختونخوا کے عمیر عارف نے پاکستان کے ٹاپ سیڈنمبر ون اذان خان کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو کے مقابلے تین سیٹ سی شکست دی ، عمیرعارف کا تعلق اسکواش فیملی سے ہے کیونکہ وہ سات بار کے برطانوی اوپن چیمپئن ہاشم خان (مرحوم) کے پڑپوتے ہیں۔گزشتہ روز عمیر عارف نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ اور پاکستان کے نمبر ایک کھلاڑی اذان خان کو 3-2 سے شکست دی۔

فائنل میں عمیر نے پہلے اور دوسرے سیٹ میں شکست کے بعدبہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری 3 گیمز جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ عمیرعارف پاکستان کے لیے مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے کوچ طاہر اقبال خان اور ڈی جی سپورٹس خالد خان کی کاوشوں بھی تعریف کی اور امید ظاہر کی مستقبل میں بھی ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا سکواش اکیڈمی سے کئی نیشنل اور انٹر نیشنل کھلاڑی پیدا ہونگے ۔

تعارف: newseditor