کامن ویلتھ گیمز کرکٹ، پاکستانی خواتین کا کل پہلا ٹکرائو بارباڈوس سے ہوگا

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں اپنے سفر کا آغاز 29 جولائی بروز جمعہ کو بارباڈوس کے خلاف میچ سے کرے گی ۔ کپتان بسمہ معروف ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں قومی ریسلر انعام بٹ کے ہمراہ قومی پرچم اٹھائے دستے کی قیادت کریں گی۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب جمعرات کوبرمنگھم میں منعقد ہوگی۔

جمعہ کو ایجبسٹن میں بارباڈوس کے مدمقابل آنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم 31 جولائی بروز اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین میچ 3 اگست کو کھیلا جائے گا۔اس پول کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کریں گی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں سہ فریقی سیریز میں شرکت کے بعد برمنگھم پہنچی ہے۔ سہ فریقی سیریز میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلا گیا ایک میچ جیتا تھا تاہم آسٹریلیا کے خلاف سمیت باقی تین میچز بارش کی نذر ہوگئے تھے۔

 

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے آئرلینڈ میں موسم کی وجہ سے میچز مکمل نہیں ہوسکے تاہم انہیں تمام پریکٹس سیشنز میں بھرپور ٹریننگ کا موقع ملا ۔ گزشتہ روز بھی تمام کھلاڑیوں نے ایجبسٹن میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

ڈیوڈ ہیمپ نے کہاکہ بارباڈوس کی ٹیم میں زیادہ تر ویسٹ انڈیز ویمنز کی کھلاڑی شامل ہیں، لہٰذا یہ میچ آسان نہیں ہوگا۔ ایجبسٹن کی کنڈیشنز کھیل کے لیے سازگار ہیں، امید ہے یہاں تینوں پولز میچز مکمل ہوں گے۔

اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبٰہ حسن۔

اسپورٹ اسٹاف: عائشہ اشعر (منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، محمد زبیر (اینالسٹ) اور رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ)۔

تعارف: newseditor