قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی آسٹریلوی کھلاڑی مارکس اسٹوئنس کو غیر قانونی بولنگ ایکشن کے اشارے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شعیب اختر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران حسنین کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے اسٹوئنس کا اشارہ شرمناک تھا۔
شعیب اختر نے مارکس اسٹوئنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری ہمت کیسے ہوئی ایسی حرکت کرنے کی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھی اس حوالے سے خاموش ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کو کلیئر قرار دے دیا جائے تو کسی کو اس طرح کے اشارے کرنے کا حق نہیں ہے۔یاد رہے کہ دی ہنڈریڈ میں اوول انونسیبل کی جانب سے کھیلتے ہوئے محمد حسنین نے حریف ٹیم سدرن بریو میں کھیلنے والے آسٹریلوی بیٹر مارکس اسٹوئنس کو اپنی تیز گیند بازی سے آوٹ کیا تھا۔آسٹریلوی بلے باز مارکس اسٹوئنس نے آوٹ ہونے کے بعد غیر قانونی ایکشن کا اشارہ کیا تھا۔