صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے سپورٹس میڈیسن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، سینئر ڈاکٹرز ودیگر بھی موجود تھے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور ڈاکٹر اعظم خان نے وزیر کھیل پنجاب ملک تیمور مسعود کو سپورٹس میڈیسن سنٹر بارے بریفنگ دی،تقریب میں وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم، ڈائریکٹرایڈمن سید عمیر حسن، پروفیسر کامران بٹ، ڈاکٹر اسد عباس، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عامر سہیل ،ڈاکٹر محمد اعظم خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو،ڈپٹی ڈائریکٹر رئوف باجوہ، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد موجود تھے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا ہے کہ یہ تاریخی دن ہے کہ پاکستان کے پہلے سپورٹس میڈیسن سنٹر کاسنگ بنیاد رکھا گیا ہے، یہ سنٹر جلد کام شروع کردے گا، ہمیں خوشی ہے کہ ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے، کھلاڑیوں کو گھر کی دہلیز پر اب میڈیکل کی سہولت ملے گی، انجریز کی صورت میں ان کو ہسپتالوں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمارے پینل پر ملک کے نامور آرتھو پیڈک ڈاکٹرز ہوں گے جو کہ کھلاڑیوں کا بہترین علاج کرینگے
کھلاڑیوں کو اس طرح کی سہولت پہلے میسر نہیں تھی، ان کا کہنا تھا کہ عالمی مقابلوں میں حصہ لینے سے قبل کھلاڑیوں کا سپورٹس میڈیسن سنٹر میں معائنہ ہوگا اور اگر ان میں کوئی مسئلہ ہوا تو ان کا علاج کیا جائے گا،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا ہر کھلاڑی سپورٹس میڈیسن سنٹر سے استفادہ کرسکے گا، سپورٹس میڈیسن سنٹر میں سپورٹس الٹراسائونڈ، آئیسو کنیٹک سٹرنتھ ٹیسٹنگ، سپورٹس فزیوتھراپی، سپورٹس سرجری، ایکسرسائز فزیالوجی، سپورٹس بائیو مکینکس، سپورٹس ریڈیالوجی اور سپورٹس نیوٹریشن کی سہولیات میسر ہونگی،اس کے اوقات مقرر کئے جائیں گے، میڈیسن سنٹر میں جدید مشینری ہوگی جس سے کھلاڑیوں کا بہترین علاج ہوگا۔