دوسرا ون ڈے، پاکستان نے با آسانی نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے دیا گیا 187 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 34ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

 

نوجوان بیٹر آغا سلمان نے اننگز کی آخری گیند پر چھکا مار کر نہ صرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔  قومی ٹیم کے نمایاں بلے باز محمد رضوان رہے جنہوں نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے اور 57 رنز بنائے۔

 

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز 186 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی، باس ڈے لیڈے 89 رنز کی قابلِ ذکر اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ روٹرڈیم میں کھیلی جانے والے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

نیدرلینڈز کو ابتدا میں ہی بڑے نقصان سے گزرنا پڑا جب وہ 8 رنز پر 3 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔ تاہم ٹام کوپر اور باس ڈے لیڈے کے درمیان ہونے والی 109 رنز کی پارٹنرشپ نے نیدرلینڈز کو سکون مہیا کیا۔ دوسری جانب پاکستانی بولرز نے ایک مرتبہ پھر کم بیک کرتے ہوئے 166 پر نیدلینڈز کی 9 وکٹیں سمیٹ دیں، لیکن آخری وکٹ پر باس ڈے لیڈے نے 20 رنز جوڑ کر اسکور 186 تک پہنچایا جہاں وہ 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

 

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 3، 3 وکٹیں لیں جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، محمد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تعارف: newseditor