آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں پریس کانفرنس میں ورلڈکپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔
قومی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان سمیت محمد نواز، محمد رضوان، (وکٹ کیپر) نسیم شاہ اور شاہین شاہ شامل ہیں۔جارح مزاج بلے باز آصف علی اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ اوپننگ بلے باز شان مسعود بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے دیگر کھلاڑیوں میں محمد وسیم، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور عثمان قادر شامل ہیں۔
ان کے علاوہ فخرزمان، محمد حارث (وکٹ کیپر) اور شاہنواز دھانی ٹریول ریزرو کی فہرست میں شامل ہیں۔خیال رہےکہ ایونٹ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائےگا۔سلیکٹرز نے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ تمام کھلاڑیوں کو انگلینڈکے خلاف سیریز میں شامل کیا ہے۔فخر زمان گھٹنے میں تکلیف کے باعث انگلینڈ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔آل راؤنڈر عامر جمال اور اسپنر ابرار احمد بھی انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ میں شامل ہیں۔