راجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹینس کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی راجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں راجر فیڈرر نے گرینڈ سلم اور اے ٹی پی ٹور  ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ رواں سال لندن میں ہونے والا لیور کپ ان کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا۔41 سالہ ٹینس اسٹارکا کہنا تھا کہ میرے  جسم نے مجھے واضح پیغام دے دیا ہے، میں نے 24 سال میں 1500 سے زائد میچز کھیلے اور اب مجھے سمجھنا چاہیےکہ کیریئر کو کہاں ختم کرنا ہے۔

 

فیڈرر کا کہنا تھا کہ میں کھیل سے محبت کرتا ہوں اور اسے کبھی نہیں چھوڑوں گا۔خیال رہے کہ 20 مرتبہ گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والے فیڈرر نے پچھلے سال ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعدگھٹنے کی سرجری کے سبب کوئی ایونٹ نہیں کھیلا۔فیڈرر نے 1998 میں 16 برس کی عمر میں اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلا گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ 2003 میں ومبلڈن اوپن کی صورت میں جیتا تھا۔

 

 اُنہوں نے ریکارڈ 8 مرتبہ ومبلڈن میں فتح حاصل کی، فیڈرر نے اپنا آخری گرینڈ سلم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن 36برس کی عمر میں 2018 میں جیتا تھا، وہ اوپن ایرا میں گرینڈ سلم ایونٹ جیتنے والے دوسرے معمر ترین کھلاڑی بھی بنے تھے۔فیڈرر مسلسل 310 ہفتے تک اے ٹی پی رینکنگ کے نمبر ون کھلاڑی بھی رہے جو ایک ریکارڈ ہے۔

تعارف: newseditor