پشاور (سپورٹس رپورٹر) کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور لکھاریوں نے امجد عزیز ملک کے مسلسل تیسری بار اے آئی پی ایس ایشیاء کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر انتخاب پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امجد عزیز ملک کا انتخاب ان کی کھیلوں کے لئے خدمات کا صلہ ہے جو نہ صرف ایشیاء بلکہ دنیا کی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے ان کے انتخاب سے ملک بھر اور خیبر پختونخوا کے کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کے لئے بھی مشعل راہ ہے۔ وہ خیبر پختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام امجد عزیز ملک کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب سے سابق صوبائی وزیر کھیل اور خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض،پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر،سید اظہر علی شاہ، خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ،، روزنامہ جنگ کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر ارشد عزیز ملک، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر کاشف الدین سید، ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس سید جعفر شاہ، سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم شیراز، ایڈمنسٹریٹرحیات آباد سپورٹس کمپلیکس و کوچ شاہ فیصل اور دیگر نے خطاب کیا۔ سابق صوبائی وزیر سید عاقل شاہ نے کہا کہ مجد عزیز ملک سے تعلق کئی دہائیوں پر مشتمل ہے 1988 میں ہم نے پہلی بار نیشنل گیمز کا انعقاد کیا تب سے امجد سے تعلق اور دوستی ہے، امجد عزیز ملک نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے سپورٹس جرنلسٹس کے لئے رول ماڈل ہیں۔ یہ صحافت کا ایسا شعبہ ہے جس کی رپورٹنگ آفس میں بیٹھ کر نہیں ہوتی جب تک گراونڈ میں نہیں پہنچیں گے تب تک ایک اچھی رپورٹ نہیں بنا سکتے۔
ہماری قوم نے دہشت گردی کا مقابلہ کئی محاذوں پر کیاسیکورٹی فورسز نے اپنا کردار ادا کیا ہم نے کھیلوں کے میدان آباد کر کے دہشت گردی کے خلاف اپنا حصہ ڈالا۔ سپورٹس جرنلزم کا جو معیار خیبر پختونخوا اور پشاور میں ہے کسی اور جگہ نہیں دیکھا۔ امجد عزیز ملک سپورٹس جرنلزم کا ایک بہت بڑا نام ہے اور یہاں اس شعبے کو پروان چڑھانے اور ترقی دینے میں امجد عزیز ملک کا کردار کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ نے کہا کہ کھیلوں کی صحافت کو آگے لے جانے میں امجد عزیز ملک کا نام سرفہرست ہے، انہوں نے خود بھی بہت محنت کی اور ان کی ٹیم کے ساتھی بھی محنت کر رہے ہیں۔ ان کی کامیابی پاکستان خصوصاً پشاور کے لئے اعزاز کی بات ہیپشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے کہا کہ مجد عزیز ملک نے اس خطے میں سپورٹس جرنلزم کو ایک الگ پہچان دی ہے، سپورٹس کی بیٹ کو کبھی باقاعدہ جرنلزم سمجھا ہی نہیں جاتا تھا لیکن امجد عزیز ملک نے اس تاثر کو غلط ثابت کیا اور سپورٹس جرنلزم کو ایک نئی جہت سے روشناس کرایا، وہ ایک سیلف میڈ انسان ہیں انہوں نے اپنی فیلڈ میں بہت محنت کی۔
انہوں نے نہ صرف اپنا نام بنایا بلکہ سپورٹس سے وابستہ دیگر ساتھیوں کو بھی عالمی سطح پر پہنچ دی جو سب کے لئے قابل فخر ہے۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر اظہر علی شاہ نے کہا کہ یہ پشاور اور پاکستان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پشاور کا ایک سپوت اتنے بڑے عہدے پر فائز ہوا ہے، امجد عزیز ملک نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ سپورٹس رائٹرز کے سابق صدر کاشف الدین سید نے کہا کہ سپورٹس رائٹرز کی بنیاد رکھنے اور سپورٹس جرنلزم کو فروغ دینے میں امجد عزیز ملک کا نام دنیا میں ایک مثال ہے ہم فخر کرتے ہیں کہ ہم ان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ امید ہے ان کی کامیابی پاکستان کے لئے نیک شگون ثابت ہوگی۔ سید جعفر شاہ نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کی جانب سے امجد عزیز کومبارکباد دی اور کہاکہ کھیلوں سے وابستہ افراد کی آواز بلند کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے وہ ہمیشہ سب سے آگے رہے۔
جنگ کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر ارشد عزیز ملک نے کہا کہ زندگی میں امجدعزیز نے جتنی محنت کی وہ اس کا لمحہ بہ لمحہ گواہ ہیں، اپنی پہچان بنانے میں مجھے بڑی مشکل پیش آئی، جہاں جاتا ہوں لوگ کہتے کہ امجد صاحب کا بھائی آ گیا، صوبے کے اخبارات میں کھیلوں کی خبروں کے لئے صفحات شروع کروانے میں بھی امجد عزیز ملک نے کلیدی کردار ادا کیا۔شاہ فیصل نے کہا کہ امجد عزیز ملک میرے سینئر رہے ہیں جب کھلاڑی تھا تب بھی اور ڈائریکٹوریٹ میں آنے کے بعد بھی انہوں نے ہر موقع پر سپورٹ کیا۔
امجد عزیز ملک نے سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سپورٹس جرنلزم کا بنیادی مقصد کھیلوں کی فروغ، ترقی اور کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ سپورٹس جرنلزم سے وابستہ افراد کو بھی آگے لانا ہے۔ اے آئی پی ایس ایشیا کا تیسری مرتبہ جنرل سیکرٹری منتخب ہونا آسان نہیں تھا لیکن جتنی محنت ہم سب نے کی اس کی وجہ سے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 106 ممالک کے نمائندے انتخابات میں موجود تھے اور ایشیا سے ہم سات لوگ مختلف عہدوں پر منتخب ہوئے ہیں۔
اس اعزاز کے ذریعے ہم نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان، خیبر پختونخوا اور پھر پشاور پر امن سرزمین ہے یہاں اب کھیلوں کی بین الاقوامی سرگرمیاں ہونی چاہئیں۔ اکتوبر کے آخر میں انٹرنیشنل پیس اینڈ سپورٹس کانفرنس کا انعقاد بھی پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانے کا سبب بنے گا۔ اس موقع پر خیبریونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل و سینئر نائب صدر سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن عمران یوسفزئی، پشاور پریس کلب کے سیکرٹری شہزادہ فہد، سینئر سپورٹس جرنلسٹس سابق صدر اعجاز احمد، نادرخواجہ، اختشام بشیر، صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد، رسہ کشی ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد، ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عمرآیاز، صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہدایت اللہ،سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔