کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کے تیسرے راؤنڈ کا کھیل آج مکمل ہو گیا۔کے سی سی اے اسٹیڈیم میں، 64 اوورز میں چھ وکٹ پر 164 رنز کے اوور نائٹ اسکور پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے ناردرن کے خلاف بلوچستان کی ٹیم 92 ویں اوور میں 243 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تیمور علی جنہوں نے 44 رنز پر اپنی بیٹنگ کا دوبارہ آغاز کیا، 176 گیندوں پر آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ناردرن کے لیگ اسپنر سعد نسیم سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 55 کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں جیت کے لیے 28 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے ناردرن نے ہدف چوتھے اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں، سندھ نے سدرن پنجاب کو 137 رنز سے شکست دی۔208 رنز آٹھ وکٹوں پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے، سدرن پنجاب کی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سدرن پنجاب کے محمد عمیر نے سب سے زیادہ ، 117 گیندوں پر 106 رنز بنا کر ناقابل شکست واپس آئے، جس میں 16 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔سندھ کی جانب سے آرش علی خان نے چار وکٹیں حاصل کیں اور ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی دوسری جیت میں اہم کردار ادا کیا۔گزشتہ روز سنٹرل پنجاب نے خیبرپختونخوا کو اننگز اور 79 رنز سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ کا چوتھا راؤنڈ 15 اکتوبر بروز ہفتہ سے شروع ہوگا۔