آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر گلین میک گراتھ کو ون ڈے کرکٹ کی فکر ستانے لگی۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں شائقین کرکٹ کی کم تعداد دیکھ کر سابق فاسٹ بولر گلین میک گراتھ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔سابق فاسٹ بولر نے ون ڈے فارمیٹ سے متعلق کہا کہ میں ون ڈے کرکٹ میں شائقین کی کم تعداد دیکھ کر مایوس ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میلبرن کرکٹ گرائونڈ میں شائقین کرکٹ انجوائے کرتے ہیں مگر شائقین کا ون ڈے کرکٹ کے ساتھ ایسا رویہ ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ اس فارمیٹ کو پسند نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں شائقین کرکٹ کی کم تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا تھا۔میلبرن کرکٹ گرائونڈ میں 90 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی سیریز میں 4 ہزار شائقین نے شرکت کی۔یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں 80 ہزار شائقین کرکٹ نے اسی میدان میں شرکت کی تھی۔ خیال رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کو کلین سویپ کیا تھا۔